کھیل
Time 12 دسمبر ، 2017

زندگی کے میدان میں کھیل اور شوبز کی پارٹنرشپ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کے ان دنوں خوب چرچے ہیں، کھیل اور شوبز سے وابستہ شخصیات اس سے قبل بھی ایک دوسرے کے جیون ساتھی بن چکے ہیں۔

کھیل اور شوبز کا رشتہ کافی پرانا ہے لیکن اب کھیلوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کی ایک دوسرے کے ساتھ زندگی کا سفر شروع کرنے کی روایت عام ہوتی جارہی ہے۔

حال ہی میں بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے ادکارہ ساگاریکا گھاٹکے سے شادی کی جس کے چند روز بعد ہی ویرات کوہلی نے انوشکا شرما سے شادی کر کے مختلف چہ مگوئیوں اور قیاس آرائیوں کا دم توڑ دیا۔

منصور علی خان - شرمیلا ٹیگور (1968)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پٹودی خاندان کے نواب منصور علی خان نے 60 اور 70 کی دہائی کی مشہور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے ساتھ 1968 میں شادی کی تو اس پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی۔ 

دو مختلف خاندانوں سے تعلق رکھنے والی جوڑی کی پٹودی خاندان کے اندر سے مخالفت کی گئی اس کے باوجود پٹودی پیلس میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور اس جوڑے کے تین بچے ہوئے جن میں سے دو سیف علی خان اور سوہا علی خان بالی وڈ انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔

محسن حسن خان- رینا رائے (1983)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محسن حسن خان اور بھارتی فلم نگری کی نامور اداکارہ رینا رائے کی شادی کا بھی خوب چرچا ہوا، کھیل اور شوبز سے وابستہ اس جوڑی نے یکم اپریل 1983 کو زندگی کا نیا سفر شروع کیا اور ابتدائی طور پر دونوں کراچی میں رہے جس کے بعد محسن حسن خان کرکٹ کو خیرباد کہ کر ممبئی منتقل ہوئے۔

محسن حسن خان نے ممبئی میں بالی وڈ نگری میں قسمت آزمائی اور فلموں میں کام کرنا شروع کیا اور اس دوران رینا رائے اپنی اکلوتی بیٹی جنت کی دیکھ بھال کرتی رہیں۔ دونوں کی شادی 6 سال تک رہی جس کے بعد دونوں نے اپنی زندگی کا سفر الگ الگ طے کرنا شروع کیا۔

محمد اظہرالدین- سنگیتا بجلانی (1996)

کالر اوپر اٹھانے کے انداز سے مشہور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے بھی شوبز سے تعلق رکھنے والی سابق اداکارہ سنگیتا بجلانی سے شادی کی، اظہرالدین بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت اور بھرپور فارم کی وجہ سے مشہور تھے تو سنگیتا نے بھی 1980 میں 'مس انڈیا' کا مقابلہ اپنے نام کرنے کے بعد بالی وڈ نگری میں قدم رکھا۔

دونوں کے درمیان 1990 میں معاشقہ شروع ہوا جس کے بعد اظہرالدین نے اپنی پہلی بیوی نورین کو طلاق دے کر 1996 میں سنگیتا بجلانی سے شادی کی۔

کیون پیٹرسن- جیسیکا ٹیلر (2007)

انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن جارحانہ بیٹنگ کے انداز سے مشہور تھے اور انہوں نے بھی نامور گلوکارہ جیسیکا ٹیلر کو اپنا شریک حیات بنایا، دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقاتیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنتی رہیں جس کے بعد دونوں نے 2007 میں شادی کرلی۔

ہربھجن سنگھ – گیتا بسرا (2015)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بالی وڈ اداکارہ گیتا بسرا کو اپنا جیون ساتھی بنایا، ہربھجن سنگھ 103 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ گیتا بسرا فلم بھیا سپرہٹ، دی ٹرین اور سیکنڈ ہینڈ ہسبینڈ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

یوراج سنگھ- ہیزلی کیچ (2016)

بھارتی کرکٹ ٹیم جارحانہ بیٹمسین یوراج سنگھ اور بالی وڈ ادکارہ ہیزل کیچ نے 2016 میں شادی کر کے اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔

35 سالہ یوراج اور 30 سالہ ہیزل کیچ کی شادی کی تقریب 30 نومبر کو ایک گردوارے میں ہوئی جہاں دونوں نے روایتی مذہبی انداز سے زندگی کا سفر شروع کیا۔ ہیزل کیچ نے بالی وڈ فلم 'باڈی گارڈ' میں سلمان خان اور کرینہ کپور کے ہمراہ معاون کردار ادا کیا تھا۔

ظہیر خان- ساگاریکا گھاٹکے (2017)

بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے حال ہی میں بالی وڈ اداکارہ ساگاریکا گھاٹکے سے شادی کی اور اس شادی نے میڈیا کی خوب توجہ حاصل کی، ظہیر خان 92 ٹیسٹ، 200 ون ڈے اور 17 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ اداکارہ ساگاریکا فلم  'چک دے انڈیا'، ملے نہ ملے ہم، رش، دلداریاں، پریم چل گوشتا اور فلم فوکس میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ویرات کوہلی- انوشکا شرما (2017)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے 11 دسمبر کو اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا، اور دونوں نے اٹلی میں شادی کے لئے تقریب سجائی جہاں قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

دونوں کے درمیان ملاقاتوں کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے چہ مگوئیاں کی جارہی تھیں تاہم اب دونوں نے ایک ساتھ زندگی کا سفر شروع کردیا ہے۔

29 سالہ ویرات کوہلی کو رننگ میشن کہا جاتا ہے جو 202 ایک روزہ میچز میں 32 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جب کہ وہ 63 ٹیسٹ اور 55 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ویرات کی شریک حیات انوشکا شرما اے دل ہے مشکل، سلطان، پھلوری، پی کے، جب ہیری میٹ سجل، رب نے بنادی جوڑی، جب تک ہے جان اور بینڈ باجا بارات جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ 

مزید خبریں :