پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2017

فاٹا اصلاحات بل پر حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، خورشید شاہ

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات بل پر حکومت کارویہ غیر سنجیدہ ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 70 سال ہوگئے، اب فاٹا کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔

ساتھ ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل پر حکومت کارویہ غیر سنجیدہ ہے، ان مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف نے کوئی بات نہیں مانی اور اب حکومت نے بھی وہی رویہ اختیار کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تو اجلاس میں آجاتی ہے لیکن حکومت نہیں آتی، یہی وجہ ہے کہ پارلیمنٹ کی توہین پر ایوان سے واک آوٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ فاٹا اصلاحات کا بل کل ایجنڈے میں شامل کیا جائےگا اور مسائل ڈائیلاگ اور سنجیدگی سے حل ہوں گے ۔

اجلاس کے دوران انہوں نے فلسطین کے معاملے پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ حکومت فلسطین کے معاملے پر بھی غیر سنجیدہ ہے ۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں فاٹا اصلاحات کا بل 15 ویں نمبر پر تھا، لیکن گذشتہ روز جب اجلاس شروع ہوا تو ایجنڈا تبدیل کیا جا چکا تھا۔

 ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں فاٹا اصلاحات بل پیش نہ کیے جانے پر اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی اور اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔

مزید خبریں :