کھیل
Time 12 دسمبر ، 2017

رنگ پور رائیڈر نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

فوٹو: سوشل میڈیا

کرس گیل کی دھواں دھار اننگز کے باعث رنگ پور رائیڈرز نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

بنگلا دیش کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں رنگ پور رائیڈر نے ڈھاکا ڈائنا مائٹس کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 57 رنز سے شکست دیدی۔

رنگ پور رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے کرس گیل کی جارحانہ اننگ کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ کرس گیل نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی اننگز میں 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 69 گیندوں پر 146 رنز بنائے اور  ناقابل شکست رہے۔

رنگ پور رائیڈرز کی جانب سے برینڈن میک کولم نے بھی 59 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈھاکا ڈائنامائٹس 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز ہی بناسکی۔ ڈھاکا ڈائنامائٹس کی ٹیم کی جانب سے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی بہتر کھیل پیش نہ کرسکے اور 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ڈھاکا ڈائنامائٹس کی جانب سے جوہر الاسلام 50 اور شکیب الحسن 25 رنز بناسکے۔ رنگ پور رائیڈر کی جانب سے سوہاگ غازی، نظم الحسن اور ادانا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید خبریں :