دنیا
Time 13 دسمبر ، 2017

عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینی دارالحکومت تسلیم کرے، او آئی سی اعلامیہ

اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے اعلامیے میں عالمی برادری سے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

استنبول میں ہونے والے 57 ممالک کے او آئی سی کے ہنگامی سربراہ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

او آئی سی سربراہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اقدام انتہا پسندی اور دہشت گردی بڑھائے گا۔

اعلامیے کے مطابق امریکا کا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اعلان امن عمل سے دستبرداری ہے لہذا امریکا مشرق وسطیٰ امن عمل سے اپنا کردار ختم کرے۔

او آئی سی اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینی دارالحکومت تسلیم کرے۔

ترک صدر  کا خطاب


قبل ازیں ترک صدر رجب طیب اردوان نے اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا اور کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور اخلاقیات کی اقدار کے منافی ہے جب کہ امریکی فیصلہ انتہا پسندوں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے رقبے میں نمایاں کمی آرہی ہے، اسرائیل قابض اور دہشت گرد ریاست ہے جب کہ امریکی فیصلہ اسرائیل کے دہشت گردی اقدامات پر انہیں تحفہ  دینے کے مترادف ہے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہم آزاد فلسطینی ریاست کے مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

محمود عباس (صدر فلسطین)

فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم فلسطین کے امن عمل میں امریکا کے کسی کردار کو تسلیم نہیں کرتے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر دنیا خاموش نہیں رہ سکتی۔

فلسطینی صدر نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے مسلمانوں اور مسیحیوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف نکلیں، ہم سب کو مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

محمود عباس نے کہا کہ ہم مزاحمتی تنظیم (پی ایل او) کو دہشتگرد تنظیم کہنے کے اعلان کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

حسن روحانی ( صدر ایران)

ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی اقدام سے ثابت ہوگیا کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکا امن عمل میں ایماندار ثالث نہیں جب کہ فلسطینی عوام اپنے حقوق کے حصول پر زور دے رہے ہیں۔  

کئی سربراہان مملکت کی شرکت

ترک صدر کی اپیل پر بلائے جانے والے او آئی سی کے اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباسی، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم، پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آذربائیجان کے صدر الہام الیو، ایرانی صدر حسن روحانی اور بنگلہ دیش کے صدر عبدالحامد سمیت 22 اسلامی ممالک کے سربراہان اور 25 ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہیں۔

اس سے قبل او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے امریکی اعلان کی شدید مذمت کی گئی۔

مزید خبریں :