کھیل
Time 13 دسمبر ، 2017

روہت شرما کی دھواں دار اننگز، سری لنکا کو 141 رنز سے شکست

موہالی: بھارت نے روہت شرما کی دھواں دار اننگز کی بدولت دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان سری لنکا کو 141 رنز سے شکست دے دی۔

روہت شرما نے اپنے ون ڈے کیریئر میں تیسری بار ڈبل سنچری اسکور کی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے۔

اس میچ میں بھارت کی کامیابی کے بعد تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

بھارت نے دوسرے ایک روزہ میچ میں کپتان روہت شرما کی دھواں دھار ڈبل سنچری کی بدولت مہمان سری لنکا کو جیت کے لئے 393 رنز کا ہدف دیا اور جواب میں سری لنکن ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز تک محدود رہی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان اینجلو میتھیوز نے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے۔

موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں سری لنکن کپتان تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارتی بلے بازوں نے مہمان ٹیم کی بولروں کی خوب پٹائی کی اور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنائے۔

ویرات کوہلی کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے روہت شرما نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلتے ہوئے 208 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

روہت شرما نے 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 153 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی۔

بھارتی کپتان روہت شرما ایک روزہ میچز میں مجموعی طور پر تین مرتبہ ڈبل سنچری بناچکے ہیں جب کہ سری لنکا کے خلاف یہ ان کی دوسری ڈبل سنچری ہے۔

دیگر بھارتی بلے بازوں میں شکہر دھون 68، شیریاس آیر 88، وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی 7 اور ہاردک پانڈیا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، جنہوں نے 10 اوورز میں 106 رنز دیے جب کہ کپتان تھسارا پریرا نے 80 رنز کے عوض تین اور سچن پتھیرانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ اتوار 17 دسمبر کو وشاکاپٹنم میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوگی۔

مزید خبریں :