دنیا
Time 13 دسمبر ، 2017

پاکستان کیلیے امریکی امداد دہشت گردوں کیخلاف مؤثرکارروائی سے مشروط

فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کولیشن فنڈ سپورٹ کی مد میں ملنے والے 70 کروڑ ڈالر میں سے نصف رقم وزیر دفاع جیمز میٹس کی منظوری سے مشروط کر دی۔

امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دیدی ہے تاہم انہوں نے پاکستان کے لیے آدھی امداد امریکی وزیر دفاع کی منظوری سے مشروط کردی ہے۔

ٹرمپ نے پاکستان کے لیے کولیشن سپورٹ فنڈ کے بل پر دستخط بھی کر دیے ہیں جس کے مطابق اگر جیمز میٹس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مؤثر کارروائی کا سرٹیفکیٹ دیں گے تو پاکستان کو پورے 70 کروڑ ڈالر ملیں گے، بصورت دیگر آدھی رقم پر گزارہ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں برس اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں، مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ 

ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ، دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

امریکی صدر کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ہمیں امریکی امداد کی نہیں بلکہ اعتماد کی ضرورت ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر الزامات سے حیرانی نہیں ہوئی کیوں کہ ہمیں اندازہ تھا کہ ٹرمپ اس قسم کی ہی باتیں کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :