بھارت میں بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کی انوکھی واردات

مقتول سدھاکر اور اس کی بیوی سواتی ریڈی — فوٹو بشکریہ بی بی سی

بھارت میں ایک خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر نہ صرف شوہر کو قتل کیا بلکہ دنیا کی نظروں میں دھول چھونکنے کے لیے دوست کی پلاسٹک سرجری بھی کراڈالی تاہم پولیس کو چکمہ دینے میں ناکام رہی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں پیش آیا جہاں سواتی ریڈی نامی خاتون کی راجیش اجاکولو نامی شخص سے دوستی تھی جبکہ اس کا شوہر سدھاکر ریڈی ان دونوں کے بیچ رکاوٹ بنا ہوا تھا۔

سواتی نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانے کا ایسا منصوبہ بنایا جو اکثر فلموں میں دیکھنے کو ملتا ہے، وہ چاہتی تھی کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔

سواتی اور راجیش نے منصوبے کے مطابق پہلے سدھاکر کو قتل اور اس کی لاش ٹھکانے لگادی، پھر سواتی نے راجیش کے چہرے پر جان بوجھ کر تیزاب پھینکا تاکہ اس کا چہرہ جھلس کر ناقابل شناخت ہوجائے۔

راجیش جس کے چہرے پر تیزات ڈالا گیا — فوٹو فائل بشکریہ بی بی سی

جب راجیش کے چہرے پر تیزاب ڈال دیا گیا اور اسے اسپتال منتقل کیا جاچکا تو سواتی نے اپنے سسرال والوں سے جھوٹ بولا کہ اس کے شوہر کا چہرہ تیزاب سے جھلس گیا ہے جس کے لیے سرجری کی ضرورت ہے۔

مقتول سدھاکر کے والدین نے اپنی بہو کی باتوں پر یقین کرلیا جس کے بعد انہوں نے سرجری کے لیے 5 لاکھ روپے اسپتال کا بل بھی ادا کیا۔

لیکن سدھاکر کے بھائی نے بھانپ لیا کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے لہٰذا اس نے پولیس کو الرٹ کردیا۔ پولیس نے ابتدائی چھان بین کے بعد اسپتال میں موجود راجیش کے انگوٹھوں کا نشان لیا جسے مقتول سدھاکر کے نشان سے ملاگیا اور اس طرح سچ سامنے آگیا۔

پولیس نے فوری طور پر مقتول کی بیوی کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اسپتال سے فارغ ہوتے ہی راجیش کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سواتی نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے تاہم ابھی تک لاش برآمد نہیں کی جاسکی ہے۔

مزید خبریں :