کھیل
Time 14 دسمبر ، 2017

ایشز سیریز میں سٹے بازی کی کوشش ناکام بنادی، برطانوی اخبار کا دعویٰ

فکسنگ الزامات نے ایشز سیریز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی فکسرز نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کو فکس کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔

برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آج سے شروع ہونے والے پرتھ ٹیسٹ کو سٹے بازوں نے فکس کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے معلومات پر مبنی ڈوزیئر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پریانک سکسینا اور صوبر جوبن نے اسپاٹ فکسنگ کے لئے ایک لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ طلب کیے جب کہ سٹے بازوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے اشاروں پر ناچتے ہیں۔

تصویر میں بھارتی فکسرز پریانک سکسینا اور صوبر جوبن کو دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی سٹے باز 'مسٹر بگ' نے رپورٹر کو بتایا کہ میچ سے پہلے بتاؤں گا کہ کس اوور میں کتنے رنز بنیں گے، اس پر رقم لگاؤ اور رقم بھارت میں جمع کرانا ہوگی جب کہ آسٹریلوی کرکٹ میں بھی ہمارا فکسر موجود ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فکسرز نے مزید بتایا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی کا فرضی نام خاموش شخص (سائلینٹ مین) ہے جو ان سے رابطے میں ہے۔

فکسر کا کہنا ہے کہ اس نے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا اور خاص طور پر ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ایک آل راؤنڈر کے ساتھ بھی کام کر چکا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق سٹے بازی کے حوالے سے معلومات کا ڈوزیئر آئی سی سی کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ 

صوبر جوبن ( فکسر A)

جوبن صوبر بھارتی ریاست کی جانب سے کھیلنے والے سابق کرکٹر ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ دہلی کی ٹیم میں کھیل چکے ہیں۔

جوبر صوبر کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 10 سال سے اپنے ساتھی پریانک سکسینا کے ساتھ فکسنگ کر رہے ہیں جب کہ وہ بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہے ہیں۔ 

پریانک سکسینا ( فکسر B)

بک میکر اور بزنس مین پریانک سکسینا کے حوالے سے صوبر جوبن نے بتایا کہ وہ ٹوبیکو (تمباکو) کے شعبے سے وابستہ ہیں جن کا بڑا کاروبار جنوبی افریقہ میں ہے۔

جب کہ پریانک سکسینا دہلی کے جنوبی حصے میں اپنا آپریشن چلاتے ہیں جہاں کرپٹ کرکٹرز کی بولیاں لگائی جاتی ہیں۔

دوسری جانب آئی سی سی کے جنرل منیجر اینٹی کرپشن ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ فکسنگ الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں جس کی تفتیش آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ رکن ممالک کے ساتھ مل کر کرے گا

ادھر آسٹریلوی کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے پرتھ ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنک الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ کی گورننگ باڈی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔ 

مزید خبریں :