پاکستان
Time 14 دسمبر ، 2017

دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کا ویزہ جاری کرنے کی ہدایت

پاکستان نے گزشتہ ماہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کرنے کی پیشکش کی تھی، فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اوروالدہ سمیت سفارتکار کا ویزہ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کرنے کی پیشکش کی تھی جس پر بھارت کی جانب سے والدہ سے بھی ملاقات کرانے اور اس دوران ایک بھارتی سفارت کار کی موجودگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پاکستان نے بھارت کا مطالبہ مانتے ہوئے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے لیے 25 دسمبر کی تاریخ طے کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے اس ملاقات کے حوالے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کا ویزہ جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ ملاقات کے موقع پر ایک بھارتی سفارت کار کی موجودگی سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ کلبھوشن کے اہل خانہ کے لیے ہرممکن سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں اور وزارت خارجہ کلبھوشن کے اہل خانہ کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا۔

رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی۔

لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :