پاکستان
Time 14 دسمبر ، 2017

'عمران خان ملک کے اندر وہی باتیں کر رہے ہیں جو پرویز مشرف ملک سے باہر بیٹھ کے کر رہا ہے'

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملک کے اندر وہی باتیں کر رہے ہیں جو پرویز مشرف ملک سے باہر بیٹھ کے کر رہا ہے۔

میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا، 'عمران خان پوری قوم کو بتائیں کہ رات کے اندھیروں میں وہ چور دروازے سے کس سے مل رہے ہیں'۔

انہوں نے مزید سوال کیا، 'عمران خان قوم کو بتائیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیے غیر ملکی فنڈنگ کہاں سے آئی اور اندر سوراج اور بیری شنپ کون ہیں'۔

وزیر مملکت نے پوچھا، 'عمران صاحب خیبرپختونخوا میں 4 سال آپ نے کیا کیا ہے اور صوبے کا احتساب کمیشن کیوں بند پڑا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'عمران صاحب اس وقت آپ انسداد دہشت گردی کی عدالت، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں ملزم اور اشتہاری بھی ہیں، لہذا آپ کو استعفیٰ دینا چاہیے'۔

مریم اورنگزیب کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو جب عدالت نے جے آئی ٹی میں گھسیٹا تو کرپٹ مافیا کو پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما کیس سے متعلق سوا سال تک جو جہاد ہوا اس کا فیصلہ کن وقت ہے اور اب ہمیشہ کے لیے پاکستان بدل چکا ہے۔

مزید خبریں :