نامور بالی وڈ اداکار و ہدایتکار نیراج وورا چل بسے

بالی ووڈ کے نامور مزاحیہ اداکار اور ہدایتکار نیراج وورا ایک سال تک کوما میں رہنے کے بعد چل بسے۔

نیراج وورا کے خاندانی ذرائع کی جانب سے فلم ’رنگیلا‘ کے مصنف اور بالی وڈ کی کامیاب فلم ’پھر ہیرا پھیری‘ کے ڈائریکٹر کے موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

نیراج کے چھوٹے بھائی اتنک وورا کے مطابق نیراج کا انتقال آج صبح 4 بجے اندھیری کے اسپتال میں ہوا اور ان کی عمر 54 برس تھی۔

اتنک وورا نے مزید بتایا کہ نیراج وورا کی لاش کو فیروز ناڈیا والا کے گھر منتقل کیا جائے گا جہاں سے انہیں آخری رسومات کے لیے سانتا کروز ششمان گھاٹ لے جایا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس کے اوائل میں فلم میکر فیروز ناڈیا والا کے گھر میں نیراج وورا کے لیے آئی سی یو کی سہولیات سے آراستہ ایک کمرہ مختص کر دیا گیا تھا۔

فوٹو: بشکریہ انڈیا ٹائمز

گجراتی فیملی سے تعلق رکھنے والے نیراج وورا منفرد اداکاری، تصنیف نگاری اور ہدایتکاری کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔

ایک لکھاری کی حیثیت سے انہوں نے فلم رنگیلا، اکیلے ہم اکیلے تم، جوش، بادشاہ، چوری چوری چپکے چپکے، آوارہ پاگل دیوانہ، دیوانے ہوئے پاگل، اجنبی، ہیرا پھیری اور پھر ہیرا پھیری میں اپنے جوہر دکھائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کھلاڑی 420، پھر ہیرا پھیری میں اپنی ہدایتکاری کے جوہر بھی دکھائے، انہوں نے ہیرا پھیری تھری میں بھی ہدایتکاری کی لیکن 2016 میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی یہ فلم غیریقینی صورت حال کا شکار رہی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بالی وڈ کھلاڑی اکشے کمار سمیت نامور شخصیات کی جانب سے پھر ہیرا پھیری کے ہدایتکار کے انتقال کر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار ششی کپور بھی انتقال کر گئے تھے۔

مزید خبریں :