افواہیں غلط ثابت: دپیکا اور رنویر کی انوشکا اور ویرات کو شادی کی مبارکباد

دپیکا اور رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا کے بجائے نوبیاہتا جوڑے کو شادی کی مبارک باد ان کے گھر بھیجی— 

بھارتی کرکٹ اسٹار اور خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کی شادی پر بالی وڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے بھی پھولوں کے گلدستے بھیج کر مبارک باد دی۔

ویرات اور انوشکا کی شادی پر بالی وڈ کے تقریباً سب ہی بڑے اسٹارز نے سوشل میڈیا پر مبارک باد دی لیکن دپیکا نے دونوں کو مبارک باد نہیں دی تھی، حالانکہ اس دوران دپیکا پڈوکون سوشل میڈیا پر ایکٹو بھی نظر آئیں۔

دپیکا کے اس طرح خاموشی اختیار کرنے پر مداحوں کی جانب سے یہ چے مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ دونوں اداکارائیں اب تک ماضی کے تنازع کے باعث ایک دوسرے سے ناراض ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ دپیکا نے انوشکا اور رنویر کی دوستی پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا، تاہم ان افواہوں کو دپیکا اور رنویر نے غلط قرار دے دیا تھا۔

انوشکا شرما اور رنویر سنگھ فلم 'بینڈ باجا بارات' اور 'لیڈیز ورسز وکی بہل' میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ڈی این اے کی ایک رپورٹ کے مطابق دپیکا اور رنویر سنگھ نے نوبیاہتا جوڑے کو شادی کی مبارک باد دینے کے لیے خوبصورت پھولوں کے گلدستے ان کے ممبئی اپارٹمنٹ بھیجے، جس کے ساتھ اپنے پیغام میں دونوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دوسری جانب انوشکا اور ویرات کی شادی کے بعد مداحوں نے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی امید کا بھی اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی 21 دسمبر کو اہل خانہ کے لیے نئی دہلی اور 26 دسمبر کو ممبئی میں بالی وڈ اور کرکٹ اسٹارز کے لیے ریسیپشن رکھیں گے جن میں بھارتی شوبز اسٹارز،کرکٹ اسٹارز اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

مزید خبریں :