ان فٹ کرکٹرز کی فہرست میں امام الحق اور جنید خان کا اضافہ

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اوپنر امام الحق اور فاسٹ بولر جنید خان بھی ان فٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ 

دونوں کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے سپر ایٹ راؤنڈ میں اپنے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ 

جمعے سے ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ راؤنڈ کے آخری میچ ہو رہے ہیں، تمام ٹیمیں اپنے اہم ترین کھلاڑیوں سے محروم ہوں گی۔ 

ان کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازع ٹی ٹین لیگ کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے، حبیب بینک کا میچ لاہور وائٹس سے نیشنل بینک کمپلکس میں ہوگا۔ 

حبیب بینک کے کوچ کبیر خان بھی ٹی ٹین کی کوچنگ کے لئے شارجہ چلے گئے ہیں، بینک میچ میں کوچ کبیر خان، کپتان احمد شہزاد اور اہم ترین کھلاڑیوں سے محروم ہوگا۔ حبیب بینک کے عمر گل ، فہیم اشرف اور فخر زمان بھی دستیاب نہیں ہوں گے جب کہ ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمن، احمد شہزاد کی جگہ کپتانی کریں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کے پائوں میں فنگسکی بیماری لگ گئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل فٹ ہونے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔ 

حبیب بینک ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو چلنے پھرنے میں شدید مشکل ہے اس لئے وہ میچ چھوڑ کر لاہور چلے گئے ہیں جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے داکٹرز ان کا علاج کر رہے ہیں۔ 

فاسٹ بولر جنید خان کا پاؤں بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کے دوران زخمی ہوا تھا۔ وہ بھی فٹ نہیں اور اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ 

یو بی ایل کمپلکس میں یوبی ایل اور کے آر ایل کا میچ ہوگا۔ یوبی ایل اہم ترین میچ میں اپنے کھلاڑیوں عمر اکمل ، سہیل خان، محمد نوازاور عامر یامین کی خدمات سے محروم ہوگی۔ رومان رئیس والدہ کی علالت کی وجہ سے میچ نہیں کھیلیں گے۔ 

اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں واپڈا اور سوئی سدرن گیس کا میچ ہوگا، واپڈا فائنل کھیلنے کے لئے مضبوط امیدوار ہے۔ واپڈا کے کامران اکمل، وہاب ریاض، میچ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ 

سوئی گیس کے شعیب ملک اور محمد عامر میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں سوئی ناردرن گیس اور لاہور بلیوز کا میچ ہوگا۔ سوئی ناردرن گیس کے محمد حفیظ بولنگ ایکشن کے لئے انگلینڈ میں ہیں جبکہ مصباح الحق بھی میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔ 

سپر ایٹ کے ابتدائی دو میچوں کے بعد گروپ اے میں سوئی ناردرن بارہ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، حبیب بینک دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گروپ بی میں واپڈا کے سولہ پوائنٹس ہیں۔ سوئی سدرن گیس نے ایک میچ جیتا ہے اس کےچھ پوائنٹس ہیں۔ 

نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے پاکستانی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ22 دسمبر کو لاہور میں ہوگا جبکہ 23 دسمبر کو تین روزہ کیمپ شروع ہوگا۔ 

کیمپ کے آغاز پر نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں امام الحق، جنید خان کے علاوہ شاداب خان، عماد وسیم ، اظہر علی اور فہیم اشرف کو بھی اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔

نوٹ: یہ خبر 15 دسمبر کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :