کاروبار
Time 15 دسمبر ، 2017

حکومت کا روپے کی قدر کم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی صرف اشاریہ 5 فیصد تک بڑھے گی۔

غیر ملکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا روپے کی قدر کم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی صرف اشاریہ 5 فیصد تک بڑھے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی سے معیشت پر معمولی اثرات مرتب ہوں گے لیکن تجارتی اور جاری کھاتوں کے خسارے پر اس کے مثبت اثرات ہوں گے جب کہ ڈالرکی قدر کا تعین مارکیٹ کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل مانٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف نے کہا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں روپے کی قیمت میں تبدیلی کیلیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا اور وہ اسٹیٹ بنک کی جانب سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں تبدیلی کا خیر مقدم کرتا ہے۔