پاکستان
Time 15 دسمبر ، 2017

جمہوریت ,پارلیمنٹ نواز شریف کی وجہ سے کمزور ہے، بلاول بھٹو

— فوٹو:اسکرین گریپ

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج جمہوریت اور پارلیمنٹ نواز شریف کی وجہ سے کمزور ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کل میاں صاحب کو نظریاتی بننے کا شوق کا چڑھا ہوا ہے لیکن ان سے پوچھا جائے ان کا نظریہ  کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا یہ وہ نظریہ ہے جس میں انہوں نے وزیر اعظم جونیجو سے گیلانی تک کے خلاف سازشیں کی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جس آصف زرداری نے جمہوریت کو بچایا اسی کو آپ نے ڈنگ مارا  اور اگر آج پارلیمنٹ اور جمہوریت کمزور ہے تو اس کی وجہ نواز شریف ہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاست میں جو زبان نیازی سروسز آف شور والوں نے متعارف کرائی ہے اس کا مقابلہ فیض آباد دھرنے والے ہی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیع الحق کے نظریاتی سپاہی ہیں اور خان صاحب اصولوں کی سیاست کے ساتھ ساتھ سیاست کے اصول سیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان یوتھ کی سیاست کرتے ہیں تو پہلے یہ بتائیں آپ کی عمر کیا ہے، کے پی کے کا وزیر اعلی سب سے عمر رسیدہ ہے اور سندھ کا سب سے کم عمر وزیر اعلی ہے۔

نواز شریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے حکومت، اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر نہیں، زرداری

اس سے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں جب پاکستان ملا تو وہ ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکا تھا لیکن ہم نے اسے سنبھالا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم جب اقتدار میں آئے تو پرویز مشرف ان کے سینوں پر بیٹھا ہوا تھا لیکن ان کی مجال نہیں تھی کہ اسے کچھ کہتے لیکن ہم نے اسے عوام کی طاقت سے چلتا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو لانے والے نواز شریف ہی تھے اور اب انہی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے حکومت اور اسٹبلشمنٹ ایک پیج پر نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود یہ پوچھتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہر چیز کی ایک انتہا ہےاور آپ انتہا کی عروج پر تھے اور فرعونیت سے آگے کوئی جگہ نہیں تھی اسی لیے آپ کو اللہ نے نکالا۔

شریک چیرمین کا کہنا تھا کہ کوئی خوش نہیں ہے صرف آپ کے چار پانچ دوست خوش ہیں، کسی کے پاس بھی کل کاکوئی منشور نہیں ہے۔

مزید خبریں :