پاکستان
Time 15 دسمبر ، 2017

نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں شریف خاندان کو بچایا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی نیا پاکستان بنانے سے نہیں روک سکتا۔

ٹنڈو محمد خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج تعلیم کے میدان میں سندھ اور بلوچستان سب سے پیچھے رہ گئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے منتخب نمائندوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں ہے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پہلے تعلیم کے میدان میں پنجاب آگے تھا لیکن مجھے فخر ہے کہ آج خیبر پختونخوا تعلیم میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئے گی تو سندھ منیں بھی تعلیم کا نظام ٹھیک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن آئے گا جب اس ملک کے وزیراعظم کے بچے بھی سرکاری اسکولوں میں پڑھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں شریف برادران کو بچایا، اچھا ہوا کہ شہباز شریف نااہل نہیں ہوئے، کمزور ٹیموں کے ساتھ کھیل کر مزا نہیں آتا۔ عمران خان نے کہا اس بار شہباز شریف اپنے امپائر کھڑے کر کے بھی جیت نہیں سکتے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آج سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانی یہاں کی پولیس سے ہے کیونکہ سندھ پولیس وزیروں اور حکمرانوں کے کہنے پر عوام کو تنگ کرتی ہے اور آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ میرے نیچے پیسے لے کر پوسٹنگ ہوتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس انٹرنیشنل معیار کی بن چکی ہے، جو قانون پر چلتی ہے اور کسی کے دباؤ میں نہیں آتی، کے پی میں لوگ پولیس کی عزت کرتے ہیں اور سندھ میں لوگ پولیس سے ڈرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پولیس کو تباہ کر دیا لیکن خیبر پختونخوا پولیس کی وجہ سے وہاں آدھے سے بھی زیادہ دہشت گردی ختم ہو گئی ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب معاشرے میں ناانصافی، ظلم اور کرپشن ہوتی ہے تو سرمایہ کار دوسرے ملکوں کا رخ کرنے لگتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے کینسر پر قابو پانے تک سندھ میں سرمایہ کاری نہیں ہو سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ جب آپ کے وزیر، وزیراعلیٰ، وزیراعظم کرپشن کرتے ہیں تو سارا معاشرہ تباہ کر دیتے ہیں، ٹنڈو محمد خان میں شوگر مل اس لیے بند ہے کہ یہاں جنگل کا قانون ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شوگر مل کا مالک سوچ رہا ہو گا کہ مل خیبرپختونخوا میں لگا لوں کیونکہ وہاں سرمایہ کاروں کو کوئی تنگ نہیں کرتا، ایک طاقتور نے شوگر مل کو بند کرا دیا کیونکہ آصف زرداری ایک اور شوگر مل لینا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :