دنیا
Time 16 دسمبر ، 2017

لبنان: عام پارلیمانی انتخابات کیلئے اگلے برس 6 مئی کی تاریخ مقرر

لبنان کے وزیر داخلہ نوہاد المشنوق—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

بیروت: لبنان کے وزیر داخلہ نوہاد المشنوق نے کہا ہے کہ عام پارلیمانی انتخابات کے لیے اگلے برس 6 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس سلسلے میں نوہاد المشنوق کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سن 2018 میں الیکشن کے انعقاد کا باضابطہ حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ انتخابات گذشتہ کچھ عرصے سے مسلسل مؤخر کیے جاتے رہے ہیں۔

موجودہ پارلیمنٹ کو سن 2009 میں منتخب کیا گیا تھا، جس کے بعد لبنانی پارلیمنٹ نے اپنی مدت میں تین مرتبہ توسیع کا فیصلہ بھی کیا۔

ان انتخابات میں پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم لبنانی شہری بھی اپنا ووٹ ڈال سکیں گے، جن کے لیے ووٹنگ کا انعقاد 22 اور 28 اپریل کو کیا جائے گا۔

گذشتہ ماہ لبنان میں اُس وقت سیاسی عدم استحکام دیکھا گیا تھا جب لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے سعودی عرب کے دورے کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سعدالحریری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ لبنان پر حزب اللہ کا اثر و رسوخ بڑھتا جارہا ہے اور ان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے وہ عہدہ چھوڑ رہے ہیں لیکن لبنان کے صدر مشیل عون نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا۔

استعفیٰ دینے کے بعد اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئیں کہ سعد الحریری کو سعودی عرب میں نظربند کرلیا گیا تاہم انہوں نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔

بعدازاں فرانسیسی صدر کی دعوت پر سعد الحریری سعودی عرب سے فرانس چلے گئے تھے۔

گذشتہ ماہ کے آخر میں وہ بیروت واپس پہنچے اور لبنان کی آزادی کی تقریبات میں شرکت کے ساتھ ساتھ فوجی پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں سعد الحریری نے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور سربراہ حکومت اپنا کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :