پاکستان
Time 18 دسمبر ، 2017

کراچی: بارش اور ژالہ باری سے موسم مزید سرد، آج بھی ہلکی بارش کا امکان

کراچی کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی—۔فوٹو/ بشکریہ فیس بک

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کو علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں کھارادر، ڈیفنس، لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور نارتھ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

جب کہ بارش کے شروع ہوتے ہی ڈیفنس، کلفٹن، شاہ فیصل، ملیر اور لانڈھی کے علاقے میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

شہر میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری نے موسم مزید سرد کردیا، ٹھنڈی ٹھار ہواؤں نے شہر کراچی پر ڈیرہ جمع لیا۔

سائبیرین ہوائیں

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج موسم سرد رہے گا جبکہ سائبیرین ہوائیں بھی آج دوپہر تک چلتے رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مشرق سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر شاہد عباس نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کراچی میں موسم ابر آلود رہے گا، آج رات رائے گئے اور کل صبح بھی ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ کل دوپہر کو مطلع صاف ہوجائے گا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق اوپری سطح پر ٹھنڈک کی وجہ سے کراچی میں ژالہ باری ہوئی۔

شہر میں بارش کے ساتھ ہی کچھ مقامات پر برساتی پانی کھڑا ہوگیا جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم کی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے منگل (19 دسمبر) سے ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے اور اسلام آباد میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے۔

شمالی بلوچستان میں بارشوں کا باقاعدہ سلسلہ شروع نہیں ہوسکا، تاہم بالائی اور میدانی علاقے بدستور سخت خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔

مزید خبریں :