پاکستان
Time 18 دسمبر ، 2017

جہانگیر ترین '10 دن کی چھٹیوں پر' لندن پہنچ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی لندن آمد کے موقع پر لی گئی تصویر—۔فوٹو/جیو نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نا اہلی کے فیصلے کے بعد '10 دن کی چھٹیوں' پر لندن پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 15 دسمبر کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جہانگیر ترین کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد انہوں نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

لندن پہنچ کر میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عدالت عظمی نے ٹیکنیکل بنیادوں پر ان کی نا اہلی کا فیصلہ دیا۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا،  '10 دن کی چھٹی پر آیا ہوں، چھٹیوں کے بعد پاکستان جا کر فیصلے کے خلاف اپیل کے بارے میں سوچوں گا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں عمران خان کے ساتھ پارٹی ورکر کے طور پر کام کرتا رہوں گا'۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا، 'سیاسی پارٹیوں میں لوگ آتے جاتے رہتے ہیں لیکن پارٹیوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل سیکریٹری کی خالی سیٹ کے بارے میں وہ پارٹی چیئرمین عمران خان سے چھٹیوں کے بعد ملاقات میں مشاورت کریں گے۔


مزید خبریں :