دنیا
Time 18 دسمبر ، 2017

سی آئی اے کی اطلاع پر روس میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

ماسکو: امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی اطلاع پر روس میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا جس پر روسی صدر ولادی میر پیوتن نے امریکی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی معلومات کے تبادلے کے بعد سینٹ پیٹرس برگ میں داعش کے بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنادیا۔

ماسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور دہشت گرد منصوبے کی اطلاع دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ روسی فیڈرل سیکیورٹی سروس نے جمعے کے روز 7 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔

ماسکو کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ سی آئی اے کی جانب سے تبادلہ کی گئی معلومات دہشت گردوں کی گرفتاری میں معاون ثابت ہوئی جب کہ صدر ولادی میر پیوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا اور اس کے شہریوں کے تحفظ کے لئے روسی خفیہ اداروں کے پاس بھی اگر اس قسم کی معلومات ہوئیں تو اس کا تبادلہ ضرور کیا جائے گا۔ 

وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی روسی خفیہ اداروں کو دی گئی معلومات پر بریفنگ دی گئی۔ 

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے روس کو ایسی اطلاعات فراہم کیں جن میں ماسکو کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا گیا تھا اور روس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنادیا ۔

مزید خبریں :