پاکستان
Time 27 دسمبر ، 2017

زرداری اور طاہرالقادری کا رابطہ، جمعہ کو اہم ملاقات ہوگی

لاہور: سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری 29 دسمبر کو پھر ملاقات کریں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے 30 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکت کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے دیئے جاچکے ہیں۔

گزشتہ روز چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق ان کے ہر فیصلے میں ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

جیونیوز کے مطابق آصف علی زرداری نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے اور دونوں رہنماؤں کےدرمیان جمعہ کے روز ملاقات طے پائی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان عوامی تحریک کی اے پی سی میں آصف زرداری کی ذاتی طور پر شرکت حتمی نہیں ہے اس لیے وہ طاہرالقادری سے پہلے ہی ملاقات کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے پہلے 28 دسمبر کی تاریخ طے کی گئی تھی لیکن سابق صدر کی مصروفیت کے باعث ملاقات کا شیڈول تبدیل کرکے 29 دسمبر جمعہ کے روز رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری پیپلزپارٹی کے وفد کے ہمراہ طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے، پی پی کے وفد میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ اور رحمان ملک کے شامل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری اور طاہرالقادری کی ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ، آل پارٹیز کانفرنس اور آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔

واضح رہےکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر باقر نجفی کمیشن منظر عام پر آنے کے بعد عوامی تحریک کی جانب سے شہبازشریف اور رانا ثنااللہ کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔

مزید خبریں :