فلم ’پدماوتی‘ کو ریلیز کی مشروط اجازت مل گئی

سال 2017 کی سب سے متنازع فلم ’پدماوتی‘ رہی— فوٹو/ فلم تشہیری پوسٹر

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی‘ کو بھارتی سنسر بورڈ نے نمائش کی مشروط اجازت دے دی۔

سال 2017 کی سب سے متنازع فلم ’پدماوتی‘ رہی، جس نے بھارت بھر میں بھونچال کی کیفیت طاری کیے رکھی۔ فلم پر ’شری راجپوت کرنی سینا‘ نے تاریخی حقائق مسخ کرنے کا الزام عائد کیا تو وہیں انتہا پسندوں نے فلم کی نمائش روکنے کے لیے پر تشدد مظاہرے کیے۔

دوسری جانب بی جے پی کے انتہا پسند رہنما نے دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت 10 کروڑ لگا ڈالی، جس کے بعد پروڈیوسرز نے انتہا پسندوں کے دباؤ میں آکر فلم کی ریلیز یکم دسمبر کو موخر کردی تھی۔

فلم کی اسپیشل اسکریننگ میں سنسر بورڈ کے ارکان کے ساتھ ساتھ تاریخ دان اور رانی پدمنی کے خاندان کے افراد بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کو مشروط اجازت دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنسر بورڈ کا کہنا ہے کہ فلم کا نام تبدیل کرنے اور فلم کے 26 مناظر کو ہٹانے کی شرط پر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس پر عمل کیے بغیر فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کا نام بھی ’پدماوت‘ تجویز کیا ہے، اس حوالے سے سنجے لیلا بھنسالی اور فلم پروڈیوسرز  کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں :