دنیا
Time 31 دسمبر ، 2017

متحدہ عرب امارات میں انٹرنیٹ کالنگ ایپ اسکائپ بند کردی گئی

باہمی رابطوں کے لیے استعمال ہونے والے مقبول سافٹ ویئر ’’اسکائپ‘‘ کو متحدہ عرب امارات میں بلاک کردیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کام کمپنی اتصالات کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اسکائپ تک رسائی کو بلاک کردیا گیا ہے۔

اتصالات کا مزید کہنا تھا کہ اسکائپ بغیرلائسنس وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول سروس (VoIP) دے رہی ہے اور بغیرلائسنس وائس اوورآئی پی سروس غیرقانونی ہے۔

دوسری جانب اسکائپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ بات ہمارے علم میں لائی گئی ہے کہ ہماری ویب سائٹ اور سروسز کو یو اے ای میں انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی جانب سے بلاک کردیا گیا ہے جس کے بعد یو اے ای میں آپ اسکائپ تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے‘‘۔

خیال رہے کہ اسکائپ کے ذریعے کمپیوٹر، اسمارٹ فونزاور ٹیبلیٹس وغیرہ پر وائس اور ویڈیو کالز کی جاتی ہیں اور اس سروس کی بندش سے متحدہ عرب امارات میں موجود صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں تارکین وطن آباد ہیں جو اپنے وطن میں موجود اہل خانہ سے رابطوں کے لیے ان ہی طرح کی سافٹ ویئرز اور ایپلی کیشنز کا سہارا لیتے ہیں۔

مزید خبریں :