2017 میں زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کرنے والے کھلاڑی

ویرات کوہلی، ظہیر خان، نین عابدی، اسماویہ اقبال، سرینا ولیمز اور لیونل میسی سمیت کئی عالمی کھلاڑی رواں سال رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔

سال 2017 اپنے اختتام کو پہنچا، جو کھیل کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے چند کھلاڑیوں کے لیے بہت ہی خوش قسمت ثابت ہوا اور انہوں نے اپنے اپنے شریک حیات کے ساتھ زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔

2017 میں جو کھلاڑی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سیدہ نین فاطمہ عابدی، اسماویہ اقبال، دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ لیونل میسی، 23 بار گرینڈ سلیمز ٹائٹل کی فاتح سرینا ولیمز، بھارتی کپتان ویرات کوہلی، بھارتی فاسٹ بولر ظہیر خان اور بھونیشور کمار، ٹینس کھلاڑی آگنیسکا راڈونسکا اور ڈبلز گرینڈ سلیمز چیمپئن اینڈریا ہواچکووا شامل ہیں۔


سیدہ نین فاطمہ عابدی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سیدہ نین فاطمہ عابدی 5 جنوری 2017 کو امریکی شہری اسد جعفری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ان کی شادی کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی جس میں ان کے دوست احباب کے علاوہ ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

رائٹ ہینڈ بیٹسمین نین عابدی شادی کے بعد بھی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کررہی ہیں۔ خیال رہے کہ نین عابدی قومی ٹیم کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں جنہیں ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں سنچری کرنے کا اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ وہ چین میں ہونے والے 2010 ایشین گیمز میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ تھیں جب ٹیم نے میگا ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

لیونل میسی

دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ لیونل میسی نے 2017 میں اپنی زندگی کے حوالے سے اہم ترین فیصلہ کرکے اپنی بچپن کی محبت کو شادی میں بدل دیا۔ ارجنٹائن کے اسٹرائیکر میسی نے 30 جون کو اپنی بہترین دوست انتونیلا روکوزو شادی کی۔ میڈیا نے میسی کی شادی کو ’’صدی کی شادی‘‘ قرار دیا۔

میسی کے آبائی علاقے روساریو میں منعقد ہ تقریب میں جوڑے کے دونوں بچوں سمیت اسپین کی شہزادی لتیسیا، اداکارہ ایوا لنگورا، صوفیہ لنگورا، گلوکارہ شکیرا، فٹبالرز لوئس سوریز، نیمار اور سرگیو ایگرو سمیت دنیا بھر سے تقریباً 260 نامور شخصیات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ میسی اور انٹونیلا روکوزو بچپن میں پہلی مرتبہ روساریو میں ہی ملے تھے، جس کے بعد میسی 13 برس کی عمر میں اسپین منتقل ہوگئے، تاہم ان دونوں کے درمیان رابطہ برقرار رہا۔

خیال رہے کہ میسی کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت ہی ارجنٹینا نے روس میں ہونے والے ورلڈ کپ 2018 تک رسائی حاصل کی۔ لیونل میسی 2009 میں 'پلیئر آف دی ایئر' اور 2010، 2011 اور 2012 میں مسلسل تین دفعہ 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

سرینا ولیمز

6 بار عالمی نمبر ایک رہنے والی امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز ریڈٹ ویب سائٹ کے شریک بانی ایلکس اوہانیان کے سامنے دل ہار بیٹھیں اور نومبر میں ان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

اس شادی کی تقریب میں گلوکار بیونسے، کم کاردیشن، ادکارہ ایوا لونگوریا اور گلوکارہ سیارا بھی شریک ہوئیں، مہمانوں کو تقریب کے مقام تک پہنچانے کے لیے خصوصی گاڑی کے انتظام سمیت سیکیورٹی کا بھی خاص انتظام کیا گیا تھا۔36 سالہ سرینا ولیمز کے ہاں شادی سے چند ہفتے قبل ہی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ سرینا ولیمز کو 23 بار گرینڈ سلیمز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کا سب سے زیادہ 24 گرینڈ سلیمز ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف ایک گرینڈ سلیم ٹائٹل کی دوری پر ہیں۔

ویرات کوہلی

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ 2017 کے آخری مہینے میں زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔ 'رنز کی مشین' کہلانے والے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے درمیان معاشقے کی خبریں گزشتہ چار سال سےگردش کررہی تھیں تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی ان خبروں کی تصدیق نہیں کی تھی۔ بھارتی کپتان کوہلی اور انوشکا شرما نے آخری وقت تک اپنی شادی کو خفیہ رکھا۔

دونوں کی شادی باضابطہ طور پر 11 دسمبر کو اٹلی کے شہر میلان میں ہوئی، نوبیاہتا جوڑے کا پہلا استقبالیہ 21 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوا جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت شوبز اور کرکٹ کی بڑی شخصیات نے شرکت کی، جبکہ دوسرا استقبالیہ 26 دسمبر کو ممبئی میں ہوا، جس میں بھارتی فلمی اور کرکٹ کی دنیا کے بڑے بڑے اسٹارز جیسے امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، ابھیشک بچن،شاہ رخ خان، کترینہ کیف، کنگنا رناوٹ، سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی، ساروو گنگولی، انیل کمبلے، روی شاستری، ہدایت کار انوراگ کشیپ اور موسیقار اے آر رحمان نے شرکت کی۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے نوبیاہتا جوڑے کے ساتھ ڈانس کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیا۔

ظہیر خان

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ظہیر خان نے نومبر میں بالی ووڈ اداکارہ ساگریکا گھاٹکے کو اپنا جیون ساتھی چنا ۔دونوں نے ممبئی میں سادگی سے کورٹ میرج کی۔ اس سادہ سی تقریب میں ان کے قریبی دوست اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ البتہ اگلی شام کو دی جانے والی استقبالیہ تقریب میں بالی وڈ اداکاروں اور کرکٹرز سمیت دیگر مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ 

خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ ساگریکا گھاٹکے شاہ رخ خان کی فلم 'چک دے انڈیا' میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

بھوینشور کمار

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر بھوینشور کمار نے بھی 2017 میں اپنا گھر بسانے کا فیصلہ کیا اور 22 نومبر کو اپنی منگیتر نپور ناگار کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ 

شادی کی تقریب ریاست اترپردیش کے شہر میروت میں ہوئی، جس میں فاسٹ بولر پروین کمار اور سریش رائناسمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی، جبکہ 30 نومبر کو نئی دہلی میں استقبالیہ دیا گیا جس میں فاسٹ بولر کے دوستوں اور بھارتی کرکٹ ٹیم کو مدعو کیا گیا تھا۔

آگنیسکا راڈونسکا

پولینڈ کی ٹینس کھلاڑی آگنیسکا راڈونسکا نے بھی 2017 میں اپنے دوست اور سابق ٹینس کھلاڑی ڈیوڈ سیلٹ کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا اور دونوں 23 جولائی کو رشتہ ادواج میں بندھ گئے۔ ان کی شادی کی تقریب میں ٹینس اسٹار اینجلک کربر، کیرولین ووزنیاکی، پولینڈ کی سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی مارٹا ڈومیچوسکا اور سابق  اے ٹی پی ومبلڈن فائنلسٹ جرزی جانووچ سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

اینڈریا ہواچکووا

دو بار کی ڈبلز گرینڈ سلیمز کی چیمپئن اور اولمپک سلور میڈلسٹ اینڈریا ہواچکووا بھی گذشتہ برس فابیرزیو سیسٹینی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔ فابریزیو سیسٹینی ڈبلیو ٹی اے کے پلیئر ریلشنز ڈپارٹمنٹ سے وابستہ ہیں۔

 اینڈریا نے گزشتہ برس عالمی ٹینس سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم وہ ریٹائرمنٹ کے بعد ٹورنامنٹس میں کمنٹری کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔


اسماویہ اقبال

2017 کے آخر میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی اسماویہ اقبال بھی پیا دیس سدھار گئیں اور 30 دسمبر کو پاکستان اے کھیلنے والے کرکٹر عبدالرحمان مزمل کے ساتھ ازداوجی زندگی کا آغاز کیا۔

ان کی شادی کی تقریب میں رشتے داروں اور ساتھی خواتین کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔

اسماویہ 2005 سے قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر رہی ہیں اور اب تک 92 انٹرنیشنل میچز میں حصہ لے چکی ہیں۔ انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔