دنیا
Time 04 جنوری ، 2018

پاکستان مذہبی آزادی کی خلاف ورزی سے متعلق امریکی واچ لسٹ میں شامل


واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں شامل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے مجموعی طور پر 10 ممالک کو واچ لسٹ میں شامل کیا ہے۔

یہ فہرست 22 دسمبر کو دوبارہ مرتب کرکے اس میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا گیا۔

اس فہرست میں پاکستان کے علاوہ شمالی کوریا، ایران، ارٹریا، چین، برما سوڈان، سعودی عرب، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سال کے پہلے روز ہی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دیکر حماقت کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی امداد کے بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے امریکی صدر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں بلکہ ملک میں امن قائم کرنے کے لیے لڑی۔

بعدازاں وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے کہا تھا کہ پاکستان سے مطالبات کی نئی فہرست کا اعلان 24 سے 48 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

سارا سینڈرز کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان کی 255 ملین ڈالرز (25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) یعنی 28 ارب روپے کی فوجی امداد پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی ایچ آر مک ماسٹر نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان، طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے جو پاکستان سے باہر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا نے کوئی کارروائی کی تو اس کا جواب عوامی امنگوں کے مطابق دیا جائے گا۔

مزید خبریں :