پاکستان
Time 05 جنوری ، 2018

’امریکی امداد کی معطلی دو طرفہ تعاون اور علاقائی امن کی کوششوں پر اثرانداز ہو گی‘


پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستانی امداد کی معطلی خطے میں علاقائی امن کی کوششوں پر اثر انداز ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں موجود نہیں ہیں، پاکستان کی قربانیوں پر شک سے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور خطے میں پائیدار امن کی کوششیں متاثر ہوں گی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ پیسے کے لیے امن کے لیے لڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی امداد کی معطلی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم متاثر نہیں ہو گا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان برداشت کیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی اپنی سرزمین پر حقانی نیٹ ورک کی غیر منظم موجودگی کی تردید نہیں لیکن ہم نے حقانی نیٹ ور کے تمام اڈے ختم کر دیے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سال نو کے آغاز کر کیے جانے والے پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آ گئی ہے۔

امریکا نے پاکستان کی امداد روک کر اسے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں سے مشروط کر دیا ہے۔

مزید خبریں :