پاکستان
Time 06 جنوری ، 2018

’عمران خان کی تیسری شادی کامیاب ہوگی‘


عمران خان کی دوسری شادی اور طلاق کی خبر دینے والی ماہر علم نجوم سامعہ خان نے عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی یہ شادی کامیاب ثابت ہو گی۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے نامور آسٹرو لوجسٹ سامعہ خان نے کہا کہ میں گزشتہ دو سالوں سے کہہ رہی ہوں کہ عمران خان کی تیسری شادی پتھر پر لکیر ہے، میں نے 2018 کی پیش گوئیوں کے حوالے سے کہا تھا کہ وزارت تو بعد کی بات ہے لیکن اس سے پہلے عمران خان کو شیروانی کی خوشخبری ملے گی۔

سامعہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے پیش گوئی کی تھی کہ عمران خان کی خوشخبری کا وقت اکتوبر 2017 سے شروع ہو چکا ہے اور ستاروں سے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ماہر علم نجوم کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تیسری اہلیہ بھی روحانیت سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے بھی ستاروں کو دیکھ کر ہی اس شادی کا فیصلہ کیا ہے۔

سامعہ خان نے کہا کہ عمران خان کی یہ شادی کامیاب بھی رہے گی اور انہیں اپنے ہمسفر کی گڈ لگ بھی ملے گی۔

عمران خان کی تیسری شادی کا نکاح پڑھوانے والے مفتی سعید سے صحافیوں نے جب اس حوالے سے سوال پوچھا تو انہوں نے کوئی جواب نہ دیا جب کہ خود عمران خان نے بھی صحافیوں کی جانب سے شادی کے سوال پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی جبکہ شیریں مزاری نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔


مزید خبریں :