فلم 'پدماوتی' نام کی تبدیلی کے بعد 25 جنوری کو ریلیز ہوگی

فوٹو: فائل 

ممبئی: بالی وڈ فلم 'پدماوتی' کو چند تبدیلیوں کے بعد ریلیز کی اجازت مل گئی اور یہ فلم 25 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

گزشتہ دنوں بھارت کے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے تنازعات کے جال میں پھنسی بالی وڈ فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے ’پدماوت‘ رکھنے کا حکم جاری کیا تھا ساتھ ہی فلم کو یو اے سرٹیفیکٹ سے کلیئر بھی قرار دیا۔

اور اب یہ فلم ’پدماوت‘ کے نام سے 25 جنوری کو  ریلیز کی جائے گی تاہم ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے اب بھی فلم کی ریلیز کے معاملے پر دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

فلم کو کئی تبدیلیوں کے ساتھ ریلیز کی مشروط اجازت تو مل گئی لیکن ہندو انتہا پسند تنظیموں نے فلم کی نمائش کی اجازت کا فیصلہ کسی بھی صورت نہ ماننے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ 25 جنوری کو اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ اور انوشکا شرما کی فلم ’پری‘ بھی ریلیز ہورہی ہے، سدرھارتھ ملہوترا کی فلم ’ایاری‘ کو بھی 25 جنوری کو ریلیز ہونا تھا تاہم فلم ساز نے ریلیز کی تاریخ آگے بڑھاتے ہوئے 9 فروری کو فلم کی نمائش کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی فلم ’پدماوتی‘ یکم دسمبر کو ریلیز ہونا تھی لیکن انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باعث فلم کی نمائش مؤخر کردی گئی تھی۔

مزید خبریں :