کھیل
Time 08 جنوری ، 2018

شاہین کیویز پر پلٹ کر وار کرنے کو تیار

فوٹو: بشکریہ کرک انفو

نیلسن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 3 بجے کھیلا جائے گا۔

پہلے میچ میں شکست کو بھول کر قومی ٹیم نیلسن میں میزبان ٹیم کے مدمقابل ہوگی جس کے لئے گرین شرٹس نے بھرپور پریکٹس بھی کی۔

ناقص فیلڈنگ اور بیٹنگ پہلے میچ میں شکست کی وجہ بنی اور ان خامیوں پر قابو پانے کے لئے کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کے دوران اپنی خامیاں دور کرنے کی کوشش کی۔

دوسرے میچ کے لئے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں تاہم کپتان سرفراز احمد کو سینئرز کھلاڑیوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ قومی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

نیلسن کے سیکسٹن اوول گراؤنڈ میں اب تک کھیلے گئے 8 میچز میں سے 6 میچز ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی جب کہ نیوزی لینڈ اس گراؤنڈ میں 5 میں سے 4 میچز جیتنے میں کامیاب رہی اور ایک میچ میں اسے ناکامی کا سامنا رہا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے جنہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں ڈیبیو کیا اور سوائے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ میچ کے، اب تک تمام میچز میں قومی ٹیم کو کامیابی ملی، اب تک فخر زمان کی رنز بنانے کی اوسط 53.55 رہی ہے۔ 

میزبان ٹیم کے خلاف ممکنہ قومی ٹیم اظہر علی، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس پر مشتمل ہوگی۔

نیوزی لینڈ کی ممکنہ گیارہ رکنی ٹیم مارٹن گپٹل، کولن منرو، کپتان کین ولمسن، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نکول، مچل سینٹنر، ٹوڈ ایسٹل، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہوگی۔

مزید خبریں :