’سپریم کورٹ سے کوئی جھگڑا نہیں صرف چند ججز سے اختلاف ہے‘


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آج بھی سپریم کورٹ کے ساتھ کوئی جھگڑا یا تصادم نہیں صرف چند ججز کے ساتھ اختلاف ضرور ہے جنہوں نے کیس میں غلط فیصلہ کیا۔

پنجاب ہاؤس میں چاروں صوبوں کے وکلا کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ عمران خان کا پانچ سال سے اور میرا 1962 سے اسکول کی زندگی سے حساب لیا گیا، مجھ پر ایک روپے کی کرپشن سامنے نہیں آئی، جب کچھ نہیں نکلا تو پاناما کی بجائے اقاما کو بنیاد بنا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہرمارشل لاء کو ججز نے ویلکم کیا، اپنی مرضی سے آئین میں ترمیم کی گئیں، جب کبھی ملک میں مارشل لاء لگتا تھا کسی کو پتا نہیں چلتا تھا لیکن آج ایسا نہیں، یہ 1999 نہیں 2018 ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، جج نےسسلین مافیا جیسے الفاظ استعمال کیے، عدالتوں کو بھی اور ججز کو دوسرے اداروں کا احترام کرنا چاہیے۔

نوازشریف نے کہا کہ  آج بھی سپریم کورٹ کے ساتھ کوئی جھگڑا یا تصادم نہیں صرف چند ججز کے ساتھ اختلاف ضرور ہے جنہوں نے کیس میں غلط فیصلہ کیا، میں نے فیصلے پر عملدرآمد تو کیا لیکن اسے تسلیم نہیں کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ ’آپ کہتے ہیں اورنج لائن بند کردوں گا، آپ کی مہربانی سے اورنج لائن پہلے ہی بند رہی ہے، آپ ضرور اسپتالوں میں جائيں لیکن یہ بھی دیکھیں عدالتوں میں کیا ہورہا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ماضی میں جو سلوک ہوا، وہ لیڈروں کو باغی بنا دیتا ہے، میرے ساتھ ہونے والے سلوک کو بھولنے دو، مزید زخم مت لگاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کے تقدس کے لیے تحریک کی بات کی، ہر صورت میں ووٹ کا تقدس بحال ہوگا، ڈرنے والا نہیں ہوں، جب اللہ آپ کے ساتھ ہے توکوئی کچھ نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج یہ دن آ گیا ٹرمپ آپ کے خلاف ٹویٹ پر ٹویٹ کررہا ہے۔

پارٹی کارکنان سے گفتگو

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے بولتے ہیں، منصف خود نہیں، انصاف کا معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ احتساب نہیں انتقامی کارروائی ہے، ہمیں جان بوجھ کر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ہمارے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے، میں ہر سازش کا مقابلہ کروں گا۔

سابق وزیراعظم کی عمران خان پر کڑی تنقید

اس سے قبل اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے عمران خان کو ہدف تنقید بنایا۔

نوازشریف کی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو: اسکرین گریب جیونیوز

انہوں نے کہا کہ عمران خان جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، ایک خاندان کی عزت و ناموس اور اس کی حرمت کو داؤ پر لگا کر خود چھپ کر پردے کے پیچھے بیٹھ گیا، اب وہ وہ خاندان اور اس کے بچے وضاحتیں پیش کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کتنے دکھ کی بات ہے توپوں کے سامنے اس خاندان کو اور بچوں کو بٹھادیا خود چھپ گیا، اگر ایسی کوئی حرکت کی ہے تو آؤ اور کھل کر قوم کو بیان کرو اور خود بتاؤ، ان کے بچوں کو سامنے کردیا اور بزدلوں کی طرح چھپ کر بیٹھ گئے۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بشریٰ مانیکا سے شادی کی خبریں سرگرم ہیں تاہم اس حوالے سے تحریک انصاف نے شادی کی تردید کی ہے۔

سابق وزیراعظم سے صحافی نے سوال کیا آپ 17 تاریخ سے نئی تحریک کاسامنا کرنےکو تیارہیں؟ اس پر نوازشریف نے جواب دیا کہ ساڑھے چار سال سے انہی تحریکوں کاسامنا ہے، اب یہ تحریکیں معمول کی بات ہیں۔

مزید خبریں :