پاکستان
Time 10 جنوری ، 2018

وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرنے کی منظوری دیدی


اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے موجودہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرکے ان کی جگہ سردار عبدالمجید دستی کو نیا آئی جی مقرر کرنے کی منظوری دیدی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرکے ان کی جگہ پولیس سروس کے 22 گریڈ کے افسر سردار عبدالمجید دستی کو نیا آئی جی مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں سندھ حکومت سے گریڈ 22 کے افسران کا پینل طلب کیا تھا اور تجاویز مانگی گئی تھیں جس پر سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کے لیے تین نام بھجوائے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت کی فہرست میں سردار عبدالمجید دستی کا نام بھی دیا گیا تھا جسے وفاقی کابینہ نے منظور کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت کئی عرصے سے اے ڈی خواجہ کی تبدیلی کے لیے سرگرم تھی اور انہیں عہدے سے ہٹاکر مجید دستی کو آئی جی لگایا گیا تھا لیکن سندھ ہائیکورٹ نے اے ڈی خواجہ کو ہی آئی جی کی ذمہ داریاں نبھانے کا حکم دیا تھا۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں ملک کی سلامتی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی میں افسران کی ڈیپوٹیشن میں توسیع کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں فیڈرل لینڈ کمیشن کے نئے چیئرمین کی تقرری بھی شامل ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رواں سال موسم گرما کے دوران بجلی کی فراہمی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی جب کہ بجلی کے نظام کی مشکلات اور اس کے حل کی تجاویز پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں ترکی اور سوئٹرزلینڈ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں کی منظوری، سینٹرل کاٹن کمیٹی اور کاٹن سے متعلق امور وزارت ٹیکسٹائل سے وزارت فوڈ کو منتقلی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

مزید خبریں :