احمد شہزاد کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی مگر؟؟

پاکستان کرکٹ میں “سلیفی بوائے” کہلانے والے احمد شہزاد کا نام نیوزی لینڈ کےخلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے والے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ابتداء میں اطلاعات تھیں کہ قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے بعد مختصر فارمیٹ میں بھی دائیں ہاتھ کے اوپنر احمد شہزاد کو موقع دینے کے حق میں نہیں تھے،البتہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے احمد شہزاد کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

یاد رہے کہ 53 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 26.52 کی اوسط سے 1353 رنز بنانے والے احمد شہزاد ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمینوں میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

محکموں کے درمیان حالیہ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں حبیب بینک کی قیادت کرنے والے احمد شہزاد نے 7 میچوں میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کے ساتھ 407 رنز بنائے تھے البتہ دورہ نیوزی لینڈ میں فی الحال امکانات یہی ہیں کہ وہ پہلے ٹی 20 میں آٹومیٹک چوائس نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ 29 اکتوبر 2017ء کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں احمد شہزاد کو ڈراپ کرکے عمر امین کو فخر زمان کے ہمراہ اننگز کے آغاز کے لئے بھیجا گیا تھا جہاں دونوں نے پاکستان ٹیم کو آٹھ اوورز میں 57رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔ فخر زمان نے 31اور عمر امین نے 45رنز بنائے تھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ22 جنوری کو ویسٹ پارک ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

اس وقت پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز جاری ہے جس میں نیوزی لینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہے اور ان دونوں میچز کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ہوا تھا۔

مزید خبریں :