پاکستان
Time 11 جنوری ، 2018

قصور واقعہ: ملزم کی نشاندہی کرنیوالے کیلئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

شہبازشریف کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس: فوٹو/ فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے زینب کے قتل میں ملوث ملزم کی نشاندہی پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدرات اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قصور واقعے اور امن و امان کی حالیہ صورت حال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں رانا ثناءاللہ ،آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری، کمشنر لاہور اور قصور انتظامیہ شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں قصور واقعے پر وزیراعلیٰ کی جانب سے انتظامیہ کی سرزنش کی گئی۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق شہبازشریف نے آر پی او قصور ذوالفقار حمید کی سرزنش کی۔

شہبازشریف نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی پر بھی برہم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے موقع پر کارروائی کیوں نہیں کی؟ پولیس کی کارگردگی کیوں بہتر نہیں ہورہی؟

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے زینب کیس کا 24 گھنٹوں میں چالان عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جب کہ قصور میں تمام 12 کیس کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

شہبازشریف نے قصور واقعے میں ملوث ملزم کی نشاندہی کرنے والے کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

شہبازشریف نے گزشتہ روز احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کے لیے 30 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کیا۔

دوران اجلاس شہبازشریف نے سیف سٹی پروجیکٹ کو قصور تک بڑھا کر شہر میں کیمرے لگانے کی ہدایت کی۔


مزید خبریں :