دنیا
Time 12 جنوری ، 2018

مظاہروں کا خوف، ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ برطانیہ منسوخ کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ ماہ لندن میں سفارت خانے کے افتتاح کی غرض سے شیڈول دورہ مبینہ طور پر مظاہروں کے خوف سے منسوخ کردیا۔

دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا دورہ اس وجہ سے منسوخ کیا کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ برطانیہ میں ان کا پرجوش استقبال نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی جگہ اب سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹیلرسن برطانیہ جائیں گے۔

اس حوالے سے ابھی تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے فروری میں 750 ملین پاؤنڈز کی لاگت سے لندن میں تعمیر ہونے والی سفارت خانے کی عمارت کا افتتاح کرنا تھا، تاہم انہوں نے اس پروگرام کو اس وجہ سے ترک کردیا ہے کہ وہاں ان کا استقبال اچھی طرح نہیں کیا جائے گا اور دوسری جانب وہ ملکہ برطانیہ سے بھی ملاقات نہیں کرپائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس دورے کے دوران ٹرمپ کی برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں فروری کے آخر میں ملاقات شیڈول تھی۔

گذشتہ ماہ برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوبائن نے اپنے حامیوں کو مظاہروں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کو 'واضح پیغام' بھیجا جائے گا کہ برطانیہ میں ان کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان گذشتہ برس نومبر میں بھی لفظی جنگ ہوچکی ہے، جب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2 مسلمان مخالف ویڈیوز ری ٹوئیٹ کرنے پر تھریسامے نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تھریسا مے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مذکورہ ویڈیوز کو ری ٹوئیٹ کرکے غلطی کی۔

جس پر ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کو ترکی با ترکی جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ تھریسامے مجھ پر توجہ دینے کے بجائے اپنے ملک میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

مزید خبریں :