اسحاق ڈار کمر درد کے علاج کے لیے لندن کے اسپتال منتقل

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا لندن میں ڈیڑھ گھنٹے تک طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں گردن اور کمر کے درد کے علاج کے باعث اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔

اسحاق ڈار کو گردن اور کمر کے درد کے علاج کے لیے لندن کے برج اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں کمر کے علاج کے لیے انجیکشن لگائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے اسحاق ڈار کا ڈیڑھ گھنٹے تک معائنہ کیا اور انہیں اسپتال میں داخل کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈارکا کل اسپتال سے ڈسچارج ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ برس 21 دسمبر کو ڈاکٹرز کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسحاق ڈار کی گردن اور کمر کے درمیان تین ڈسکس اپنی جگہ سے ہل چکی ہیں۔

یاد رہے کہ اسحاق ڈار گزشتہ برس عمرے کی ادائیگی کے دوران سانس لینے میں تکلیف اور سینے میں بھاری پن کے باعث 29 اکتوبر کو علاج کی غرض سے لندن پہنچے تھے۔

اسحاق ڈار کیخلاف کیس کا پس منظر

سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھے۔

27 ستمبر کو احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار 7 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

مزید خبریں :