پاکستان
Time 12 جنوری ، 2018

اسلام آباد میں آتشزدگی سے 2 بچے جاں بحق

اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں جھگیوں میں آتشزدگی کے باعث 2 بچے جھلس کر جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

سیکٹر ایف الیون میں واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک جھگی میں سوئے ہوئے 2 بچے جھلس کر جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے بچوں میں دوسالہ حیدر اور 6 سالہ رحیم شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں سانیہ، مبشر اور ابراہیم شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جھگی میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والے تین بچوں کو طبی امداد کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 جنوری کو بھی اسلام آباد میں وزارت قانون و انصاف کی عمارت کے اسٹور روم میں آتشزدگی سے بہت سی اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔

پولیس کے مطابق آگ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

گزشتہ برس ستمبر میں بھی اسلام آباد کے ریڈ زون میں عوامی مرکز کی عمارت میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :