پاکستان
Time 13 جنوری ، 2018

قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کے لیے براڈ بینڈ کی فراہمی کا معاہدہ


اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ملک بھر بالخصوص دور افتادہ علاقوں میں بااعتماد اور سستے براڈ بینڈ رابطے کی سہولت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک کے تمام حصوں میں سستے نرخوں پر براڈ بینڈ کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں عام آدمی کو ڈیجیٹل سہولیات میسر آسکیں۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا)، خبیر ، مہمند ایجنسی اور ڈی آئی خان میں پائیدار ترقیاتی منصوبوں کےلئے براڈ بینڈ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے یونیورسل سپورٹ فنڈ (یو ایس ایف) کی معاونت سے ملک کے قبائلی علاقوں میں براڈ بینڈ کی سہولیات کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کو ان کی دہلیز پر جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق دور کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت کام کرنے والے یو ایس ایف کی جانب سے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ٹیلی کام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تھری جی اور فور جی خدمات کے آغاز کے بعد منصوبے کے تحت 5896دیہات کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، نئے معاہدوں سے خیبر، مہمند اور ڈی آئی خان کو ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے یہ خدمات فراہم کی جائیں گی اور 1187دیہات میں 40لاکھ سے زائد افراد کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئندہ چار ماہ میں یہ منصوبہ مکمل کرنے اور سستے نرخوں پر سہولت کی فراہمی کی ہدایت کی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے لوگوں کے لئے نئی راہیں کھلیں گی اور ای کامرس کے علاوہ دیگر کئی خدمات بھی دستیاب ہوں گی جن کا چند سال پہلے تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ای۔سروسز تیزی سے ابھرنے والا میدان ہے اور یہ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں لوگوں کو صحت تعلیم اور کاروباری مواقع فراہم کرسکتا ہے۔ بعد کے مراحل میں اس سے الیکٹرانک ووٹنگ اور انتخابات کرانے کی لاگت میں کمی میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف ملک میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے تمام حصوں میں سستے نرخوں پر براڈ بینڈ کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں سہولت حاصل ہو، انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف معاشرے کی ترقی میں معاون کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہاکہ یونیورسل سپورٹ فنڈ 226 کمپیوٹرز لیب کے ذریعے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کو آئی سی ٹی کی تربیت فراہم کررہا ہے۔ مائیکرو سافٹ 202اساتذہ کو بھی تربیت دے گا جن کے ذریعے 17ہزار سے زائد لڑکیوں کو تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروبار کے لئے اقتصادی مواقع پیداکرنے اوربااختیار بنانے کے منصوبے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے سماجی واقتصادی ترقی میں مدد ملے گی اور لوگوں کو ای ہیلتھ ، ای ایجوکیشن اور دیگر کئی سہولیات میں آسانی پیداہوگی۔ 

مزید خبریں :