کھیل
Time 13 جنوری ، 2018

تیسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہراکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 183 رنز سے شکست دے دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

کیویز کے 258 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام نظر آئی اور پوری ٹیم صرف 74 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

واضح رہے کہ یہ نیوزی لینڈ میں کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

نیوزی لینڈ میں اب تک کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ خود نیوزی لینڈ کی ٹیم کے پاس ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 6 جنوری 2007 میں آکلینڈ کے میدان میں سری لنکا کے خلاف صرف 73 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس کے علاوہ 20 فروری 1982 میں بھی کیوی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ویلنگٹن میں 74 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کا سب سے کم اسکور 35 رنز ہے جو زمبابوے کی ٹیم نے 2004 میں سری لنکا کے خلاف ہرارے میں بنایا تھا۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے کم اسکور 43 رنز ہے جو اس نے 1993 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیپ ٹاؤن میں بنایا تھا۔

 گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن اننگز کے آغاز پر ہی اُس وقت لڑکھرا گئی جب صرف 2 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گر گئیں، اظہر علی صفر، فخر زمان 2 اور محمد حفیظ صفر رن  پر پویلین لوٹے۔

بعدازاں بابر اعظم 8، شعیب ملک 3، شاداب خان صفر، فہیم اشرف 10، حسن علی ایک، محمد عامر 10 اور رومان رئیس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد نے 14 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 257 رنز اسکور کیے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے 73 رنز بنائے جبکہ روس ٹیلر 52 اور مارٹن گپٹل 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور رمان رئیس نے 3،3، شاداب خان نے 2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔

اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستان ٹیم میں امام الحق کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا تھا جو انجری کے باعث دوسرا ون ڈے نہیں کھیل پائے تھے۔

اس فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 61 رنز سے شکست دی تھی۔

جبکہ دوسرے میچ میں بارش کے باعث نیوزی لینڈ کی اننگز 25 اوورز تک محدود کردی گئی تھی، اس میچ میں بھی کیویز نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :