پاکستان
Time 13 جنوری ، 2018

نیب کا پاناما سے متعلق مواد حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: نیب نے پاناما کیس سے متعلق مواد حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے 28 جولائی کے فیصلے میں نوازشریف کو نااہل قراردیا جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ سے سبکدوش ہوگئے۔

پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، صاحبزادوں حسین، حسین نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنسز دائر کیے جن میں تمام افراد پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

جیونیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاناما سے متعلق مواد حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے درخواست بھی تیار کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے تیار کردہ درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں زیر التوا ریفرنسوں کے سلسلے میں مصدقہ رکارڈ دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہےکہ واجد ضیاء شریف خاندان کے خلاف تینوں ریفرنسوں میں اہم گواہ ہیں، نیب نےایون فیلڈ میں ضمنی ریفرنس بھی تیار کر رکھا ہے،  ضمنی ریفرنس میں تین مزید گواہان کی فہرست دی جائے گی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ فلیگ شپ ریفرنس کے معاملے پر نیب کی تین رکنی ٹیم اتوار کو ڈی جی نیب راولپنڈی ظاہر شاہ کی سربراہی میں لندن جائےگی، دورے کا مقصد باہمی معاونت سے متعلق قانون کےتحت ثبوت حاصل کرنے ہیں۔

واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف لندن پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں :