دنیا
Time 13 جنوری ، 2018

لندن میں ٹرمپ کے حامیوں کی میئر صادق خان کی تقریر سے قبل ہلڑ بازی

فوٹو: بشکریہ دی سن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی افراد نے میئر لندن کی تقریر سے قبل ہنگامہ آرائی کی اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دورہ لندن منسوخ کیے جانے کے بعد میئر لندن صادق خان نے اپنے بیان میں کہا تھا ٹرمپ کو اندازہ تھا کہ انہیں لندن میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔

لندن کی فیبین سوسائٹی میں صادق خان کے اظہار خیال سے پہلے ہی ’وائٹ پین ڈریگنز‘ نامی گروپ کے افراد نے ہلڑ بازی شروع کردی۔ ان افراد نے ٹرمپ اور بریگزٹ کی حمایت میں نعرے بازی اور صادق خان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے ’خواتین و حضرات، ہم یہاں پر ایک پُرامن اور غیر پُرتشدد شہری کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

فوٹو: بشکریہ دی سن

اس حرکت کے بعد میئر صادق خان اپنی نشست پر بیٹھ گئے اور اخبار کا مطالعہ شروع کردیا جبکہ پولیس نے مظاہرین کو وہاں سے ہٹایا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین کو باہر بھیجے کے عمل کے دوران ایک شخص کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک مشترکہ قانونی حدود میں کھڑے ہیں، اگر آپ نے ہمیں چھوا تو آپ حملہ کرنے کے مرتکب ہوں گے۔ برائے مہربانی پیچھے کھڑے رہیں اور ہمیں مت چھوئیں‘۔

اس شہری کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم یہ جگہ نہیں چھوڑیں گے، ہم نے ٹکٹ کی قیمت ادا کی ہے‘۔

اس شخص نے فیبین سوسائٹی کو بھی آئین میں خلل ڈالنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو تقسیم کنندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی پالیسیاں لندن کی اقدار اور برداشت کے بالکل الٹ ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ میں امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے لیے لندن کا دورہ کرنا تھا تاہم انہوں نے گزشتہ روز اپنے خلاف احتجاج کے خوف سے اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کردیا۔

مزید خبریں :