پاکستان
Time 13 جنوری ، 2018

پاکستان کی قابل بھروسہ جوہری صلاحیت نے ہی بھارت کو جنگ سے روک رکھا ہے، ترجمان پاک فوج

— فوٹو:فائل

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قابل بھروسہ جوہری صلاحیت نے ہی بھارت کو جنگ سے باز رکھا ہوا ہے۔

انٹر سروس پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سرکاری ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں بھارتی آرمی چیف کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک ذمے دارانہ تقرری ہوتی ہے اور اس قسم کے غیر ذمے دار بیانات اہم عہدے والوں کو زیب نہیں دیتے‘‘۔

انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو ایک فریب قرار دینے کے لیے تیار ہیں، اس پر پاک فوج کا کیا رد عمل ہے تو ڈی جی آئی ایس پر آر نے کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک انتہائی ذمہ دارانہ تقرری ہوتی ہے اور فور اسٹار وہ رینگ ہے جو زندگی بھر کے تجربے اور پختگی کے بعد حاصل ہوتا ہے، لہٰذا اس ذمہ دار عہدے پر موجود شخص کی طرف سے ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان نامناسب ہے‘‘۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر بھارت پاکستان کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے تو کیا ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ’’یہ ان کی مرضی ہے، اگر وہ ہمارے عزم کو آزمانے کی خواہش رکھتے ہیں تو آزما کر دیکھ لیں، ہم قابل اعتماد جوہری صلاحیت رکھتے ہیں جو خاص طور پر مشرق کی جانب درپیش خطرات کے لیے ہے ‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جوہری ہتھیار کو اولین انتخاب نہیں بلکہ دفاعی و مزاحمتی ہتھیار سمجھتے ہیں، بھارت کو جو چیز جنگ سے روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہی ہے کیوں کہ دو جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک کے درمیان جنگ کی گنجائش موجود نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے جوہری طاقت بننے کے بعد اگر بھارت روایتی طریقوں سے پاکستان پر غالب آنے کی صلاحیت رکھتا تو اب تک ایسا کرچکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ہمیں نشانہ بنارہا ہے لیکن وہ ریاستی دہشت گردی میں بھی ناکام ہوچکا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم پروفیشنل آرمی، ذمہ دار جوہری ریاست اور ایک طاقتور قوم ہیں اور بھارت کو کسی خام خیالی میں نہیں رہنا چاہیے۔

مزید خبریں :