پاکستان
Time 13 جنوری ، 2018

قبائلی عوام کو آئینی، قانونی و جمہوری حقوق کی فراہمی کا دور مبارک ہو، نواز شریف


حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ فاٹا تک وسیع ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی عوام کو آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق کی فراہمی کا دور مبارک ہو، آئین پاکستان کے دائرہ میں شمولیت سے فاٹا کے عوام کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا، فاٹا کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے کی مضبوط بنیاد رکھ دی، ان کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ 7 دہائیوں تک فاٹا کے عوام ظلم کی چکی میں پستے رہے، قائداعظم کی جماعت کو یہ ظلم ختم کرنے کا اعزازملا، فاٹا کے عوام کے حقوق کی بحالی کے کارنامے پر تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر، خوش حالی اور سلامتی قومی فرض ہے، سب کو مل کرکام کرنا ہوگا، فاٹا سے کراچی تک پورے پاکستان کو خوشحال، ترقی یافتہ اور محفوظ دیکھنا زندگی کی سب سے بڑی آرزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناانصافی کسی خطے کے عوام کے ساتھ بھی ہو، نواز شریف کو قبول نہیں، فاٹا سمیت پورے پاکستان سے کئے گئے تمام وعدے پورے کردکھائے، میری زندگی کا سکھ چین قوم کی ترقی اور خوشحالی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا ہے۔

نواز شریف سے جاتی امرا میں چینی سفیر کی ملاقات

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے چینی سفیر نے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک پاکستان سمیت خطے میں گمم چینجر ثابت ہورہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہےاور وہ دونوں ملکوں کی دوستی کومزید مضبوط دیکھنا چاہتےہیں۔

مزید خبریں :