دنیا
Time 14 جنوری ، 2018

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو 6 روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو اپنے 6 روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے۔

بھارت میں موجود اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم اپنے 6 روزہ سرکاری دورے پر جب بھارت پہنچے تو نئی دہلی ایئرپورٹ پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خود ان کا استقبال کیا۔

بھارتی وزیراعظم سے اسرائیلی ہم منصب کے درمیان وفود کی سطح کی ملاقات 15 جنوری کو ہوگی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سائبر سکیورٹی، توانائی، خلائی تحقیق اور فلم کے شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا بھی امکان ہے۔

یہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران کسی بھی اسرائیلی وزیراعظم کا پہلا دورہ بھارت ہے۔

اسرائیلی  وزیر اعظم کے دورے کو خاصی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ چند روز قبل ہی بھارت نے اسرائیل سے 50 کروڑ ڈالر کا دفاعی معاہدہ ختم کردیا تھا۔  

بھارتی میڈیا نے وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیلی کمپنی کے ساتھ دفاعی معاہدے کی منسوخی کی اہم وجہ یہ ہے کہ اس معاہدے کی وجہ سے بھارت کی میزائل بنانے کی مقامی صلاحیت بری طرح مثاثر ہو رہی ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے بھارت میں بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں اور ان کے دورے کو بھارتی میڈیا بھی خاص اہمیت دے رہا ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں بھی بھارت نے امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلے کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کی تھی۔

مزید خبریں :