پاکستان
Time 15 جنوری ، 2018

قصور واقعہ: زینب کی مشتبہ شخص کے ساتھ نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی


قصور: زینب قتل کیس میں پیشرفت ہوئی ہے اور مقتولہ کی ایک مشتبہ شخص کے ساتھ نئی سی سی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

پنجاب کے ضلع قصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جس کی لاش 9 جنوری کو کچرا کنڈی سے ملی۔

زینب کے قتل سے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس سے 2 افراد پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس اب تک زینب کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے تاہم اس حوالے سے ایک نئی پیشرفت ہوئی ہے۔

جیونیوز کے مطابق مقتولہ زینب کی ایک نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جو تحقیقاتی اداروں نے حاصل کرلی اور اسے فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زینب شلوار قمیض اور کوٹ میں ملبوس ایک شخص کی طرف بھاگ رہی ہے جو اسے اپنی طرف بلا رہا ہے۔

جب کہ اس سے قبل بھی سامنے آنے والی فوٹیج میں ایک شخص کو مشکوک انداز میں علاقے میں گھومتے دیکھا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کیس کی ہر پہلو سے تفتیش کی جارہی ہے، دیکھا جارہا ہےکہ کوئی شخص علاقے سے غائب تو نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت سے اگر کوئی شخص اس علاقے سے غائب ہے تو اسے ڈھونڈنے کے لیے چھاپے مارے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بھی زینب کے قتل کا نوٹس لے رکھا ہے۔

مزید خبریں :