شہرہ آفاق فلم ’شعلے‘ کی ریلیز کے 43 سال بعد اہم راز سے پردہ فاش


ہدایت کار رمیش سپی نے فلم ’شعلے‘ کی ریلیز کے 43 سال بعد فلم کے اختتام کو تبدیل کرنے کا انکشاف کردیا۔

ہدایت کار رمیش سپی کی 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم ’شعلے‘ بھارتی سنیما کی تاریخی فلموں میں سے ایک ہے۔

فلم میں امجد خان کے کردار گبر سنگھ کو انہوں نے اس قدر جاندار انداز میں نبھایا  کہ وہ آج تک یاد کیا جاتا ہے اور ہمیشہ کے لیے امر ہوگیا۔

فلم کے کلائمیکس پر ٹھاکر کا کردار نبھانے والے سنجیو کمار گبر سنگھ کو پولیس کے حوالے کرتے ہیں لیکن اب 43 سال بعد فلم کے ہدایت کار رمیش سپی نے فلم کا اختتام گبر کی موت سے کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

فلم شعلے کے ہدایت کار رمیش سپی پونے فلم فیسٹول میں بات چیت کرتے ہوئے — فوٹو: انڈین ایکسپریس

اس سے قبل بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی اس راز سے پردہ اٹھا چکے ہیں لیکن اب ہدایت کار نے ساری تفصیل خود بیان کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کار رمیش سپی نے پونے انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ فلم کا اختتام بھارتی سنسر بورڈ کے اعتراض کی وجہ سے نہ صرف بدلنا پڑا بلکہ اسے دوبارہ شوٹ کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ فلم کا اصلی اختتام ٹھاکر  کے ہاتھوں گبر سنگھ کی موت پر ہوتا ہے لیکن سنسر بورڈ کے اعتراض کے باعث فلم کے اختتام پر گبر سنگھ کو پولیس کے حوالے کرکے قانون کی بالادستی دکھانا پڑی۔

فلم میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

مزید خبریں :