پاکستان
Time 15 جنوری ، 2018

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ، 5 اہلکار شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ اہلکار شہید ہوگئے۔

لیویز کے مطابق واقعہ ضلع کیچ کے علاقے شاپک میں پیش آیا جہاں سیکورٹی فورسز کی دو گاڑیاں گشت کررہی تھیں کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

لیویز نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

واقعے کے نتیجے میں حوالدار ذاکر، لائس نائک مسعود، سپاہی فرحان اللہ، سپاہی شہباز قیصر اور سپاہی مسعود شہید ہوگئے جبکہ 6 اہلکار حوالدار قمبر، سپاہی اسداللہ، سپاہی سہیل، سپاہی بلال، سپاہی صفت اللہ اور سپاہی حنیف زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ شہید اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تربت میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنارہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو تائید و حمایت سے ناکام بنادیا جائے گا۔

مزید خبریں :