پاکستان
Time 16 جنوری ، 2018

تحریک چلانے والے انتظار کرلیں فیصلہ عوام کریں گے، نوازشریف

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 500 ووٹ والے کا وزیراعلیٰ بننا ملک اور جمہوریت کے ساتھ زیادتی ہے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہونے میں 4 سے 5 ماہ رہ گئے اس کے باوجود حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا مقصد کیا ہے۔

نواز شریف نے طاہرالقادری کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب خاص طور پر اس وقت کیوں کینیڈا سے  آئے ہیں، حکومت مخالف تحریک کے مقاصد دیکھیں تو کئی سوالات کے جواب مل جائیں گے، تحریک چلانے والے انتظار کرلیں فیصلہ عوام کریں گے۔

بلوچستان حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو کچھ ہوا وہ قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق تھا، 500 ووٹ لینے والے کو وزیراعلیٰ بنا دیا گیا جس کی ضمانت خود ضبط ہونے جارہی تھی، یہ جمہوریت اور پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جلد بلوچستان سے متعلق اجلاس بلا رہے ہیں جس میں بلوچ لیڈر شپ کو مدعو کریں گے اور حالیہ صورتحال کے اسباب پر غور کریں گے۔ 

نیب ریفرنسز سے متعلق سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیس اور اس کی نوعیت کیا ہے، اس کیس میں کتنی جان ہے میڈیا سب جانتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے طنز کرتے ہوئے ایک قصہ سنایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 1960 کی دہائی میں لوگوں کو فلمیں دیکھنے کا شوق ہوتا تھا اور ایک فلم کی بہت تشہیر ہوئی جس پر بہت پیسہ خرچ ہوا، کچھ دنوں بعد پروٖڈیوسر سے کسی نے فلم سے متعلق پوچھا تو اس کا کہنا تھا کہ پہلے ہفتے فلم بہت زبردست چلی اور دوسرے ہفتے زبردستی چلانی پڑی۔

بلوچستان کی صورتحال پر مشاورتی اجلاس

دوسری جانب پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں نوازشریف کی زیر صدارت بلوچستان کی سیاسی صورتحال سے متعلق مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں (ن) لیگ کی اتحادی جماعتوں کے سربراہ حاصل بزنجو اور محموداچکزئی بھی شریک ہیں جب کہ سابق وزیراعظم سے قانونی مشاورت کے لیے سینئر قانون دان اکرم شیخ بھی پنجاب ہاؤس پہنچے ہیں۔

اجلاس میں بلوچستان میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا اور نوازشریف نے عبدالقدوس بزنجو کے وزیراعلیٰ بننے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

نوازشریف نے کہا کہ 500 ووٹ لینے والے کو وزیراعلیٰ کس نے بنوایا؟ 

محمود اچکزئی نے کہا کہ نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ میاں صاحب بلوچستان میں آپ کے اپنوں نے بے وفائی کی‘۔

مزید خبریں :