پاکستان
Time 16 جنوری ، 2018

متحدہ اپوزیشن کا احتجاج شہباز حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گا، فواد چوہدری


پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر شروع ہونے والا متحدہ اپوزیشن کا احتجاج شہباز شریف کی حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس پر بات اکٹھی ہیں کہ سیاسی مخالفین کو قتل نہیں کیا جاسکتا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے مظاہرین کو قریب سے گولیاں ماری گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مخالفین کو گولیاں ہی مارنی ہیں تو پھر ظلم اور موجودہ نظام میں کیا فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے رانا ثنا اللہ کہہ رہے تھے کہ پولیس نے گولیاں چلا کر ٹھیک کیا کیونکہ دوسری جانب سے پہلے فائرنگ ہوئی تھی جب کہ ماڈل ٹاؤن سانحے میں ملوث لوگوں کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جا رہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج کسی کی سیاست کے لیے نہیں ہو رہا بلکہ اس کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہے اور متحدہ اپوزیشن کا احتجاج شہباز شریف کی حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گا۔

تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے، فواد چوہدری

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا اپنا اپنا سیاسی نظریہ ہے اور دونوں جماعتوں میں سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتے کہ عمران خان اور آصف زرداری کے ایک اسٹیج پر بیٹھنے سے کوئی غلط فہمی پیدا ہو، طاہرالقادری کے دھرنے کے ایک سیشن میں آصف زرداری اور دوسرے میں عمران خان ہوں گے، بتایا گیا کہ طاہرالقادری کی اس سے متعلق آصف زرداری سے بات چیت چل رہی ہے۔

قصور میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے واقعے پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قصور واقعہ پنجاب حکومت کی ناکامی ہے، قصور واقعے میں ملزم کی عدم گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کرتی لیکن ڈی سی کو بچانے کے لیے سیدھی گولیاں مارتی ہے، قصور میں اس سے قبل بھی 3 لوگوں کو مبینہ مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قصور واقعے میں تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی، علی الصبح شہباز شریف تعزیت کرنے گئے تھے یا ننھی زینب کے گھر والوں کو اذیت دینے گئے تھے؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ججز سے متعلق بیانات پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ نواز شریف میں شیخ مجیب الرحمان کی روح بول رہی ہے۔

مزید خبریں :