ڈچ لیجنڈ پال لیجنز کا پاکستان ہاکی کی موجودہ صورتحال پر اظہار افسوس

پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ پال لیجنز ورلڈ الیون ہاکی میچ اور ہال آف فیم ایونٹ میں شرکت کیلئے کراچی پہنچے ہیں— فوٹو: فیضان لاکھانی

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ہاکی لیجنڈ پال لیجنز کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کی بہترین ہاکی ٹیم ہوتی تھی لیکن آج ٹیم صورتحال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔

اپنے دور کے بہترین پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ پال لیجنز پاکستان میں ورلڈ الیون ہاکی میچ اور ہال آف فیم ایونٹ میں شرکت کیلئے کراچی پہنچے ہیں۔

ان کے ساتھ ہاکی امپائر راب لاتھوورز بھی پاکستان آئے ہیں،ایئرپورٹ پر پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے مہمان کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پال لیجنز نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی موجودہ صورتحال دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، پاکستان ہاکی کی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ دستیاب ٹیلنٹ کو زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع دیا جائے۔

سابق ڈچ پنالٹی کارنر اسپشلسٹ کا کہنا تھا کہ ان کے زمانے میں پاکستان نے ہاکی میں بہت سے اعزازات جیتے جس کی وجہ سے یہ کھیل پاکستان میں کافی مشہور تھا امید ہے کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان میں ہاکی کو دوبارہ فروغ دے گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستان ہاکی کی مدد کیلئے تیار ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا کرکے خوشی ہوگی لیکن وہ اب اس کام کیلئے کافی بوڑھے ہوگئے ہیں اور ہاکی بھی پہلے سے کافی تبدیل ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :