پاکستان
Time 17 جنوری ، 2018

ملک میں دو لاڈلوں کی لڑائی ہے، بلاول بھٹو زرداری

— فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریپ

بدین: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں دو لاڈلوں کی لڑائی ہے کیونکہ ایک لاڈلہ کہتا ہے میرے اثاثے ہیں تو اسے کہاجاتا ہے تمہارے اثاثے نہیں ہیں۔

بدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زینب کا واقعہ پہلا نہیں، ایسے واقعات کا تسلسل ہے اور ملک میں ہونےوالے واقعات دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے نہتے شہریوں پرکیوں بندوقیں تان لی ہیں؟ بتایا جائے شریف پنجاب کے عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہے ہیں؟

بلاول بھٹو زرداری نے شریف برادران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ قوم باشعور ہے اور آپ دونوں بھائیوں کی اصلیت جان چکی ہے، آپ گلی گلی میں دہائی دیتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، یہ آپ لوگوں سے کیوں پوچھ رہے ہیں بلکہ چھوٹے بھائی سے پوچھیں، نوازشریف اپنی سیاسی عمر پوری کرچکے ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے سجاول اور جیکب آباد کے لیے پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن ان سے بلوچستان سنبھالا گیا نہ پنجاب سنبھالا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن تحقیقات نہیں ہورہی، آپ کے ’قریب ترین‘ کو عدالت نے کرپشن پر نااہل ترین قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک لاڈلہ کہتا ہے میرے اثاثے ہیں، اسے کہاجاتا ہے تمہارے اثاثے نہیں، ایک لاڈلہ کہتا ہے یہ اثاثے میرے نہیں، عدالت کہتی ہے تمہارے ہیں، یہاں ایک دو لاڈلوں کی لڑائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پانچ سال میں ایک اسپتال نہیں بنایا گیا، ہم نے کراچی، لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سیہون میں دل کے اسپتال بنائے۔

مزید خبریں :